گوالیار،یکم دسمبر(ایس او نیوز/یو این آئی) کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل کو محب وطن بتانے والا بیان قابل مذمت ہے۔
سندھیا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جس شخص نے بابائے قوم کا قتل کیا ، اس کا نام تک لینا بھی غلط ہے لیکن بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ اسے محب وطن کہتے ہیں! ایسی حرکت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ پہلے ہی بابائے قوم کے قاتل کو محب وطن قرار دے چکے ہیں۔ اب ایک اور رکن پارلیمنٹ نے یہ بات کہی ہے۔
سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ 2014 میں ، سابقہ حکومت کے وقت ، بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے گوڈسے کو محب وطن کہا تھا ، لہذا انہوں نے پارلیمنٹ میں اس کی مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد حکومت نے رکن پارلیمنٹ سے معافی مانگنے کو کہا۔
اب ایک بار ایک اور رکن پارلیمنٹ نے یہ کہا ہے۔ یہ ایک رجحان بن گیا ہے کہ جو پارٹی نظم و نسق کی بات کرتی ہے ، اس کے ممبران پارلیمنٹ نہ صرف اپنے قائدین یا پارٹی ہی نہیں بلکہ ملک کی طرف بھی بے راہ روی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔